اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عمان کے وزیر اطلاعات عبدالمنعم الحسنی نے ایران کی فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ جوہری مذاکرات اور اس کی پیشرفت میں عمان کے بادشاہ کا انتہائی موثر کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمان کے بادشاہ سلطان قابوس کے تعاون اور ان کی گہری سوچ کے نتیجے میں ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان معاہدے نے عملی شکل اختیار کر لی ہے۔ دوسری جانب ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعے کے دن جوہری مذاکرات میں عمان کے بادشاہ سلطان قابوس کے موثر کردار کا شکریہ ادا کیا۔ سلطان قابوس نے بھی اس گفتگو کے دوران ویانا میں طے پانے والے معاہدے کو علاقے اور پوری دنیا کے لئے مفید قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس معاہدے کے ذریعے علاقے کے حالات میں بھی بہتری آئے گی۔ یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے رکن ممالک نے بارہ سال مذاکرات کے بعد، چودہ جولائی دو ہزار پندرہ کو ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں ایک معاہدے سے اتفاق کر لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲